pakistan foreign reserves 15

راتوں رات قومی خزانے میں زبردست کمی

راتوں رات قومی خزانے میں زبردست کمی، زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کے سلسلے کو اچانک بریک لگ گئی، بیرونی ادائیگیوں کی وجہ سے 77 کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمی کے بعد ملک کے کل زرمبادلہ ذخائر 15 ارب ڈالرز کی سطح تک آگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں زبردست کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک کے کل زرمبادلہ ذخائر میں 77 کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے باعث اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 72 کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 4 کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ ہفتے تک امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ملک کے زرمبادلہ ذخائر 16 ارب ڈالرز کی سطح کو چھو جائیں گے۔

تاہم پاکستان کے کل زرمبادلہ ذخائر اب 15 ارب ڈالرز کی سطح پر آگئے ہیں۔ اس وقت اسٹیٹ بینک کے کل ذخائر 7 ارب 74 کروڑ ڈالرز جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 7 ارب 26 کروڑ ڈالرز کی سطح پر ہیں۔ تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جلد ہی کچھ بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے پاکستان کو قرض مل جائے گا جس کے بعد زرمبادلہ ذخائر میں دوبارہ سے اضافہ ہوگا۔ اس حوالے سے گورنر اسٹیٹ بینک بھی کہہ چکے ہیں کہ آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ نہ جانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے زرمبادلہ ذخائر کو مناسب سطح پر برقرار رکھیں۔
گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران زرمبادلہ ذخائر کو منساب سطح پر رکھنے کے باعث ہی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں