Kaaba in Makkah 53

مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب

غلاف کعبہ کی تیاری میں تقریباً 670 کلو گرام ریشم، 120 کلو سونا اور 100 کلو چاندی استعمال کی گئی

مکہ مکرمہ (10 اگست 2019ء) : مناسک حج کا آج سے آغاز ہو گیا جبکہ مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ تبدیل ہونے کی روح پرور تقریب منعقد کی گئی۔ غلاف کعبہ کی تیاری میں تقریباً 670 کلو گرام ریشم ، 120 کلو خالص سونا اور 100 کلو چاندی استعمال کی گئی۔ مکہ مکرمہ میں ہونے والی تقریب میں کلید بردار کعبہ، منتظمین، سعودی حکام اور غلاف ساز کسوہ فیکٹری کے ذمہ دار شریک ہوئے۔

غلاف کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ ہے، اس کی تیاری پر تقریباً 70 لاکھ سعودی ریال لاگت آئی۔ غلاف کعبہ کے 4 کونوں پر سورہ اخلاص منقش ہے۔ اس کے علاوہ غلاف پر مختلف آیات قرآنی پر مشتمل 16 پٹیاں الگ سے جوڑی گئی ہیں۔ قریانی آیات کو سونے، چاندی اور خالص ریشم سے تحریر کیا گیا۔ سعودی عرب میں غلاف کعبہ کی تیاری کے امور کے لیے علیحدہ محکمہ اور ام الجود بندرگاہ پر اس کا ایک خصوصی کارخانہ قائم ہے، جس میں غلاف کعبہ کی جدید ترین تکنیک کے مطابق تیاری کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے۔

یہ کارخانہ ہر سال بیت اللہ کا ایک نیا غلاف تیار کرتا ہے جسے 9 ذی الحجہ کو پورے تزک و احتشام کے ساتھ خانہ کعبہ کی زینت بنایا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ غلاف کعبہ ہرسال 9 ذوالحج کو یوم عرفہ کے موقع پر تبدیل کیا جاتا ہے جبکہ کعبہ کو غسل ہر سال دو مرتبہ شعبان اور ذوالحجہ کے مہینوں میں دیا جاتا ہے۔ اتارے جانے والے غلافِ کعبہ کسوہ کو ٹکڑوں کی شکل میں بیرونی ممالک سے آئے ہوئے سربراہان مملکت اور دیگر معززین کو بطور تحفہ پیش کردیا جاتا ہے۔

1962ء میں غلاف کعبہ کی تیاری کی سعادت پاکستان کے حصے میں بھی آئی تھی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین مکہ مکرمہ سے منیٰ میں جمع ہونے کے بعد آج رکن اعظم وقوف عرفہ کریں گے۔عازمین سعودیہ کی تاریخ میں پہلی بار مسلسل تین روز3 خطبے سنیں گے ، ان میں پہلا خطبہ جمعہ کا سنا گیا ، دوسرا خطبہ ، ہفتے کو حج کا خطبہ اور تیسرا خطبہ اتوار کو نماز عید الاضحٰی کا سنا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں