political-leaders-india-reaction-pakistan 51

سیاسی قیادت کی بھارتی اقدام کی مذمت اور کشمیر کاز کیلیے یک آواز

جو شق نہرو ختم نہ کرسکا وہ مودی نے ختم کرکے بتادیا کہ بھارت اشتعال انگیز ریاست ہے، شیری رحمان

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بھارتی آرٹیکل 370 ختم کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدام ناقابل قبول اور اقوام متحدہ کے خلاف اعلان بغاوت اور جنگ ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بھارتی آرٹیکل 370 ختم کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدام ناقابل قبول اور اقوام متحدہ کے خلاف اعلان بغاوت اور جنگ ہے، پاکستان فی الفور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلائے، چین، روس، ترکی، سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک سے فوری طورپر رابطہ اور مشاورت کی جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیری تنہا نہیں، کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، قائد اعظم کے اس فرمان پر ہر پاکستانی کٹ مرنے کو تیار ہے، جو ہماری شہہ رگ اور قومی عزت وغیرت پر ہاتھ ڈالنے کی حماقت کرے گا، وہ بھیانک انجام سے دوچار ہوگا، کشمیریوں کو پیغام دیتے ہیں کہ ان کے جائز قانونی اور انسانی حقوق کے لئے پاکستان ہر حد تک جائے گا، کشمیر کاز کے لئے پاکستان یک آواز اور متحد ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی کوشش بھارتی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کی توہین ہے، استصواب رائے کشمیریوں کا جمہوری حق ہے، بھارت کشمیر میں جمہوریت کا قتل کررہا ہے جو عالمی برادری کا امتحان ہے، یہ پاکستان کے قومی مفاد کا معاملہ ہے، اس پر پورا پاکستان ایک ہے، سیاسی وعسکری قیادت کے اجتماعی فیصلوں کا وقت آگیا ہے، کشمیر کاز کے لئے پاکستان یک آواز اور متحد ہے، پارلیمان کا مشترکہ ہنگامی اجلاس بلایا جائے اور صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لے کر جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

بلاول بھٹو زرداری
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر بھارت کے مظالم ناقابل برداشت ہیں، انتہا پسند بھارتی حکومت کے عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں، صدر پاکستان فی الفور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کے لئے حکم جاری کریں۔

جام کمال
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی بھارتی حکومت کی جانب سے جموں کشمیر کی خود مختار حیثیت ختم کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے خاتمے سے بی جے پی کے مکروہ عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں، کشمیر کی خود مختارحیثیت کا خاتمہ کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

سینیٹر شیری رحمان
پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے اس حوالے سے کہا کہ مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے باقاعدہ اعلان جنگ کردیا ہے، جس شق کو نہرو ختم نہ کرسکا، اسے مودی نے ختم کرکے بتادیا کہ بھارت اشتعال انگیز ریاست ہے، شرم آرہی ہے کہ ہمارا حکمران بھی مودی کو مسئلہ کشمیر کا حل قرار دیتا رہا ہے، عمران خان صاحب! کہاں ہے وہ مودی جس کی جیت کو آپ کشمیر کے مسئلے کے حل سے تعبیر کرتے رہے، ریاست پاکستان کو کشمیر کے مسئلے پر مشترکہ حکمت عملی بنانا ضروری ہے، بھارت سن لے! پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

شاہ محمود قریشی
وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت نے آج اقوام متحدہ کے وعدے کی خلاف ورزی کی، آج بھارت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی حیثیت دلادی، بھارت کے مذموم مقاصد بےنقاب ہوگئے، بھارت کی غلط فہمی ہے کہ معاملے کو دبالے گا، بھارتی اقدام کے اثرات لداخ اور آزاد کشمیر میں بھی دکھائی دیں گے، مسئلہ کشمیر پہلے سے زیادہ پیچیدہ ہوگیا ہے، پاکستان کی خواہش تھی کہ معاملے کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے، صدر ٹرمپ نے بھی ثالثی کی پیشکش کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں